کاروار ،20؍ مارچ (ایس او نیوز) ایسا لگتا ہے کہ ہندوتوا اور سری رام سینا کارکنان کے مسئلہ پر اکثر بی جے پی کے خلاف گرجنے والے سری رام سینا کے صدر پرمود متالک کے منھ پر اب تالا لگ گیا ہے اور بیلگاوی سے اسمبلی ٹکٹ ملنے کی آس میں انہوں نے خاموشی اختیار کر لی ہے۔
جمعہ کے دن کاروار میں پرمود متالک نے پریس کانفرنس کی اور کہا کہ میری عمر اب 66 سال ہوگئی ہے اور یہ الیکشن میری زندگی کا آخری الیکشن ہے ۔ میں نے بیلگاوی سے بی جے پی کا ٹکٹ مانگا ہے ۔ ایک ایک لیڈر کے پاس جاکر اس کے لئے درخواست کی ہے اور مجھے امید ہے کہ ٹکٹ مل جائے گا۔ اگر میں الیکشن جیت گیا تو اچھے کام کرکے دکھاوں گا۔
اس موقع پر سری رام سینا کے رکن جینت نائک نے کہا کہ ہوناور کے پریش میستا کی موت کے سلسلے میں بی جے پی اراکین اسمبلی نے زبان بند کر رکھی ہے۔ حکومت نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ سی بی آئی کی تحقیقات کس مرحلہ میں ہے اس کا بھی کوئی پتہ نہیں۔ اس دوران پرمود متالک نے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ پھر جب اخباری نمائندوں نے اس بارے میں پوچھا تو بس اتنا کہا: یہ معاملہ سی بی آئی کے پاس ہے ۔ اس بارے میں مجھے پوری معلومات نہیں ہے۔ صرف اسی ایک معاملے میں نہیں بلکہ ہندو کارکنان کی اموات کے تمام معاملات میں انصاف ملنا چاہیے۔